دنیا
خلاصہ
- صنعا: (دنیا نیوز) یمن کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران حوثی باغیوں کے خلاف 780 فضائی اور فوجی حملوں میں 512 باغیوں کو ہلاک یا زخمی کردیا گیا ہے، جبکہ 330 سے زائد فوجی گاڑیوں اور نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کو تباہ یا نقصان پہنچایا گیا۔
یمنی فوج کے ترجمان کرنل ماجد النزیلی کے مطابق حوثی فیلڈ کمانڈروں، جنگجوؤں کے اجتماع، کمک، بھاری ہتھیاروں کے ٹھکانوں، مضبوط مورچوں، گاڑیوں اور رسد کے راستوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ سرکاری فورسز نے الجوف، مغربی مارب، البیضا اور شمالی، جنوبی و مغربی محاذوں پر کارروائیاں تیز کردی ہیں، جن کے نتیجے میں حوثیوں کی نقل و حرکت متاثر ہوئی اور انہیں اگلے مورچوں پر مزید کمک پہنچانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
تعز کے محاذ کی جانب بڑھنے والی حوثی کمک اور بھاری ہتھیاروں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
یمنی فوج نے خبردار کیا ہے کہ حوثیوں کی فوجی سرگرمیوں اور نفری پر مسلسل نظر رکھی جائے گی اور نقصان پورا کرنے یا دوبارہ پیش قدمی کی کسی بھی کوشش کا طاقت سے جواب دیا جائے گا۔