ریپبلکن کو شکست: ٹرمپ کی صدارت میں سیاسی کشمکش اور اختیارات میں کمی کا امکان

ریپبلکن کو شکست: ٹرمپ کی صدارت میں سیاسی کشمکش اور اختیارات میں کمی کا امکان

سی این این کے مطابق ٹرمپ انتخابی شکست کے باوجود اپنی سیاسی گرفت برقرار رکھنے اور ریپبلکن پارٹی میں اپنا اثرورسوخ قائم رکھنے کے لئے پُرعزم ہیں، تاہم ڈیموکریٹس کی اکثریت ان کے لیے قانون سازی اور حکومتی فیصلوں میں مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔

ٹرمپ نے ممکنہ مواخذے کے خدشے کا اظہار کیا ہے، وائٹ ہاؤس نے کانگریس کی ممکنہ تحقیقات سے نمٹنے کے لیے مزید 15 وکلا بھی بھرتی کیے ہیں، ڈیموکریٹس کی اکثریت کے باعث ٹرمپ کے لیے بڑے قانونی بل منظور کرانا مشکل ہوگا۔

امکان ہے کہ وہ امیگریشن، وفاقی اخراجات اور درآمدات پر نئے محصولات سمیت اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے صدارتی اختیارات اور ایگزیکٹو آرڈرز کا زیادہ استعمال کریں گے، ٹرمپ کے سیاسی مستقبل کا ایک اہم پہلو 2028 کے صدارتی انتخابات کے لئے ریپبلکن پارٹی کے ممکنہ امیدوار کا انتخاب بھی ہوگا۔

نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کو ٹرمپ کے ممکنہ سیاسی جانشینوں میں شمار کیا جا رہا ہے، ٹرمپ نے فی الحال کسی ایک امیدوار کی حمایت کا اعلان نہیں کیا، تاہم ان کے قریبی حلقوں کے مطابق اس معاملے پر سنجیدہ مشاورت جنوری سے شروع ہوسکتی ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق کانگریس میں ڈیموکریٹس کی اکثریت ٹرمپ کے لیے باقی مدتِ صدارت کو مشکل بنا سکتی ہے، خارجہ پالیسی، صدارتی اختیارات اور ریپبلکن پارٹی کی آئندہ قیادت ان کے سیاسی ایجنڈے کے اہم موضوعات رہیں گے۔