خلاصہ
- تہران: (دنیا نیوز) ایران نے جوہری تنازع پر تجاویز قطر کے توسط سے امریکا کو بھجوا دیں۔
ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ ان تجاویز پر بات چیت ایران کی سات شرائط پوری ہونے پر ہی ہوسکتی ہے، امریکا ان تجاویز کا جائزہ لے رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایران نے دیگر شرائط کے علاوہ امریکی پابندیاں اٹھانے، منجمد ایرانی اثاثے بحال کرنے اور جنگی ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
واشنگٹن کا مؤقف ہے کہ ابتدائی مذاکرات میں جوہری معاملات کو بھی شامل کرنا ہوگا۔۔
رپورٹ کے مطابق قطر نےگزشتہ ہفتے ایران کے ساتھ سفارتی رابطوں میں تیزی لاتے ہوئے تہران میں مذاکرات کے دو ادوار میں شرکت کی جبکہ تیسرا دور دوحہ میں منعقد کیا۔
خیال رہے کہ قطری حکام نے حالیہ دنوں میں آرمینیا میں بھی ایرانی حکام سے ملاقاتیں کیں۔
علاوہ ازیں ایران کے اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار محسن رضائی نے روس کے دورے کے موقع پر کہا کہ سفارت کاری کے معاملے پر ہم نے امریکیوں کے سامنے سات شرائط رکھی ہیں۔ جب تک وہ ہماری ان سات شرائط پر عمل نہیں کرتے، نہ تو ہم آبنائے ہرمز کھولیں گے اور نہ ہی کوئی مذاکرات کریں گے۔
ایران کی جانب سے جو مطالبات کیے گئے ہیں ان میں ملک پر عائد پابندیوں کا خاتمہ، منجمد اثاثوں کی واپسی اور جنگ کے نقصانات کا معاوضہ ادا کرنے کے علاوہ کچھ مزید شرائط بھی شامل ہیں۔