سعودی عرب نے ریاض کی جانب داغے گئے 2 بیلسٹک اور 2 کروز میزائل تباہ کر دیے

سعودی عرب نے ریاض کی جانب داغے گئے 2 بیلسٹک اور 2 کروز میزائل تباہ کر دیے

 

فوجی اتحاد کی جانب سے 24 گھنٹوں کے دوران پسپا کیے جانے والا یہ دوسرا حملہ ہے، اس سے قبل اتحاد نے ریاض کی جانب داغے گئے 2 بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کیے جس کے بعد سعودی دارالحکومت میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق دھماکوں سے کچھ دیر پہلے سعودی سول ڈیفنس نے ریاض کے علاقے میں ہنگامی الرٹ جاری کیا تھا، حکام نے بعد میں اعلان کیا کہ خطرے کی صورتِ حال ختم ہو گئی ہے۔

یہ حملے گزشتہ روز حوثیوں کے زیرِ انتظام یمن کی وزارتِ صحت کے مطابق دارالحکومت صنعا کے قریب سعودی فضائی حملوں میں کم از کم 33 افراد کے ہلاک اور 39 زخمی ہونے کے بعد کیے گئے۔

حوثیوں کے زیر انتظام سرکاری خبر رساں ادارے صبا نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز کے حملوں میں صنعا کے مشرق میں واقع حوثیوں کے مضبوط گڑھ بنی حشیش کے ایک قصبے میں گھروں کو نشانہ بنایا گیا اور ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل تھے۔

سعودی عرب کے مرکز برائے بین الاقوامی مواصلات نے کہا تھا کہ حکام اس واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔