خلاصہ
- ڈھاکا: (دنیا نیوز) بنگلادیشی حکومت نے بھارت میں موجود سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی نئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے اجرا کی درخواست مسترد کردی۔
بنگلادیش کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک کسی دہشت گرد کو پاسپورٹ فراہم نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ شیخ حسینہ واجد مفرور مجرم ہیں، بنگلادیش اور بھارت کے درمیان حوالگی کا معاہدہ موجود ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ بھارت انہیں بنگلادیش کے حوالے کرے۔
ہمایوں کبیر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کیا ہمیں حسینہ واجد کے ساتھ عام مسافر جیسا برتاؤ کرنا چاہیے اور ان سے کہنا چاہیے کہ آئیں، اپنے سسرالی گھر تشریف لے آئیں؟
واضح رہے کہ شیخ حسینہ واجد نے بھارت میں خود ساختہ جلاوطنی کے دوران وطن واپسی کے لیے نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست دی تھی۔
شیخ حسینہ نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا ہے کہ ان کا ارادہ بنگلادیش واپس آکر عدالت کے سامنے پیش ہونے کا ہے۔
ان کے معاونین کے مطابق مختلف دفتری اور قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد وطن واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ بنگلادیش کی جنگی جرائم کی عدالت نے گزشتہ سال نومبر میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی بغاوت کے خلاف مہلک کریک ڈاؤن کا حکم دینے کے جرم میں شیخ حسینہ کو ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی، تاہم شیخ حسینہ جلاوطنی کے دوران اپنے خلاف عائد تمام الزامات کی تردید کرتی رہی ہیں۔