عالمی تنازعات میں شدت، سی آئی ایس ممالک کو مشترکہ سلامتی کیلئے تعاون بڑھانا ہوگا: پوتن

عالمی تنازعات میں شدت، سی آئی ایس ممالک کو مشترکہ سلامتی کیلئے تعاون بڑھانا ہوگا: پوتن

روسی صدر نے 9 نومبر 2026 کو ماسکو میں منعقد ہونے والے دولتِ مشترکہ کی آزاد ریاستوں (سی آئی ایس) کے رکن ممالک کی سلامتی کونسلوں کے سیکریٹریوں کے 14ویں اجلاس کے شرکاء کے نام خصوصی پیغام میں کہا کہ موجودہ عالمی حالات مشترکہ سلامتی کے مسائل پر سنجیدہ اور جامع غور و فکر کے متقاضی ہیں۔

صدر پوتن نے اجلاس کے شرکاء کو ماسکو آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں سلامتی سے متعلق وسیع نوعیت کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور شہریوں کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے کے مؤثر اقدامات پر غور ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ پیچیدہ جغرافیائی و سیاسی صورتحال میں مختلف خطوں کے تنازعات شدت اختیار کررہے ہیں، ایسے حالات میں سی آئی ایس ممالک کو اپنی سلامتی کونسلوں کی تجزیاتی اور پیش گوئی کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

روسی صدر کے مطابق ان صلاحیتوں کے مؤثر استعمال سے رکن ممالک کی قومی سلامتی اور خودمختاری مضبوط بنانے کے ساتھ پورے خطے میں استحکام برقرار رکھنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی حالات اور پیش رفت کا جامع، معروضی اور حقیقت پسندانہ جائزہ لینا ضروری ہے، جبکہ رکن ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطوں اور عملی تعاون کو بھی فروغ دینا ہوگا۔

صدر پوتن نے امید ظاہر کی کہ ماسکو میں ہونے والا اجلاس نتیجہ خیز ثابت ہوگا اور شرکاء کی تجاویز و سفارشات مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے اجلاس کے تمام شرکاء کے لیے کامیاب اور مفید مذاکرات کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ سی آئی ایس رکن ممالک کی سلامتی کونسلوں کے سیکریٹریوں کا 14واں اجلاس 9 نومبر کو ماسکو میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں مشترکہ سلامتی کے چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کے امور زیر بحث آئیں گے۔