پاکستان اور تاتارستان کا تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے، مشترکہ منصوبوں پر غور

پاکستان اور تاتارستان کا تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے، مشترکہ منصوبوں پر غور

سفیر پاکستان نے ان خیالات کا اظہار 10 نومبر 2026 کو روسی جمہوریہ تاتارستان کے دارالحکومت کازان کے دورے کے دوران تاتارستان سرمایہ کاری ترقیاتی ایجنسی کے نمائندوں سے ملاقات میں کیا۔

اجلاس میں ایجنسی کے فرسٹ ڈپٹی ہیڈ انصاف مشرفووچ گالییف، پروٹوکول ڈیپارٹمنٹ کے لیڈ ایڈوائزر کیریل وکتورووچ بارانوف، بین الاقوامی پروگراموں کی ڈائریکٹر لیلیا خازینوروونا اسخادولینا اور عرب لیگ کے رکن ممالک کے ساتھ تعاون کے شعبے کے سربراہ خالد گمدان حمود مقبل نے شرکت کی، اس موقع پر تاتارستان کرکٹ فیڈریشن کے صدر ایڈورڈ مارسووچ زاگریتدینوف بھی موجود تھے۔

فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان اور تاتارستان کے درمیان تاریخی اور اعلیٰ سطح کے روابط کا ذکر کرتے ہوئے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے دورۂ تاتارستان کو دوطرفہ تعلقات کی تاریخ میں اہم پیش رفت قرار دیا۔

انہوں نے تاتارستان کے سربراہ رستم منیخانوف کے دورۂ پاکستان کا بھی حوالہ دیا، جس کے دوران انہوں نے پنجاب کے اس وقت کے وزیراعلیٰ اور موجودہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ اعلیٰ سطح کے ان دوروں اور ملاقاتوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوط بنیاد فراہم کی، جسے اب عملی تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تاتارستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، مشترکہ کاروباری منصوبے شروع کرنے اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان براہ راست روابط مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

فیصل نیاز ترمذی نے کاروباری برادریوں کے درمیان روابط (بی ٹو بی) کے ساتھ عوامی سطح پر تعلقات (پی ٹو پی) کے فروغ کو بھی اقتصادی تعاون آگے بڑھانے کے لیے اہم قرار دیا۔

واضح رہے کہ سفیر پاکستان نے کازان کے دورے کے دوران بین الاقوامی ثقافتی میلے ’’روس مشرق‘‘ کی افتتاحی تقریب اور عوامی سفارت کاری سے متعلق گول میز کانفرنس میں بھی شرکت کی، جہاں ثقافتی، تعلیمی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کے فروغ پر توجہ دی گئی۔