خلاصہ
- مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس نے غزہ میں ایک فضائی حملے کے دوران حماس کے عسکری ونگ کے ایک سینئر کمانڈر کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے فلسطینی تنظیم حماس کے عسکری ونگ کے ایک سینئر کمانڈر کو نشانہ بنایا ہے، تاہم فوری طور پر اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
دوسری جانب برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں ہونے والے ایک اسرائیلی فضائی حملے میں کمانڈر سمیر ابو یونس جاں بحق ہو گئے۔
طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حملہ خان یونس کے علاقے المواسی میں ایک سڑک پر کیا گیا جس میں سمیر ابو یونس جان سے گئے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے بتایا کہ امدادی کارکنوں نے 53 سالہ سمیر ابو یونس کی لاش برآمد کر لی ہے، حملے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے۔
بعد ازاں عزالدین القسام بریگیڈز نے ایک بیان میں سمیر محمود ابو یونس، جنہیں ابو محمود کے نام سے بھی جانا جاتا تھا، کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے لیے تعزیت کا اظہار کیا۔
القسام بریگیڈز کے مطابق سمیر ابو یونس تنظیم کی جنرل ملٹری کونسل کے رکن اور رفح بریگیڈ کے کمانڈر تھے۔
سمیر ابو یونس نے 1991 میں قسام بریگیڈز کی صفوں میں شمولیت اختیار کی اور ان میں شامل ہونے والے اولین لوگوں میں سے ایک تھے۔