امریکا کی ایک بار پھر ایران کے جزیرے قشم پر بمباری، فضائی دفاعی نظام نشانے پر

امریکا کی ایک بار پھر ایران کے جزیرے قشم پر بمباری، فضائی دفاعی نظام نشانے پر

ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فوج نے جزیرہ قشم میں ایرانی فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا، جزیرہ قشم آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہے، جو عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق جزیرہ قشم پر امریکی حملے کے نتیجے میں کم از کم چھ حملے کیے گئے۔ ایرانی ذرائع نے ان حملوں کو امریکی فوجی کارروائی قرار دیا ہے، تاہم حملوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصان سے متعلق فوری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی یونٹس نے جزیرہ قشم کے علاقے میں ایک امریکی ایم کیو ون جاسوس ڈرون کو نشانہ بنا کر مار گرایا۔

ایرانی بیان کے مطابق ڈرون کو مقامی وقت کے مطابق منگل کی دوپہر ایک بج کر 45 منٹ پر جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ جزیرہ قشم ایران کے صوبے ہرمزگان میں واقع ہے اور آبنائے ہرمز کے قریب ہونے کے باعث اس کی تزویراتی اور دفاعی اہمیت انتہائی زیادہ ہے۔

اس سے قبل بھی نومبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جزیرہ قشم پر محدود حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی فوج نے ایرانی فضائی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔

تازہ حملوں کے حوالے سے امریکی حکام کی جانب سے تاحال کوئی واضح تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا۔ امریکی اور ایرانی دعوؤں کی آزادانہ تصدیق بھی نہیں ہوسکی۔