ورلڈکپ : کپتان نے وہاب، عامر اور شاداب خان سے امیدیں لگا لیں

Last Updated On 24 May,2019 12:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کپتان سرفراز احمد نے انگلینڈ میں نئی تاریخ رقم کرنے کا عزم کرتے ہوئے فاسٹ باؤلرز وہاب ریاض، محمد عامر اور سپنر شاداب خان سے امیدیں وابستہ کر لیں۔ انگلینڈ میں سیریز ہارنے کے بعد کپتان نے کھلاڑیوں سے فیلڈنگ میں ’’ڈومور‘‘ کا مطالبہ کر دیا۔

لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پوری ٹیم پر امید ہے کہ ورلڈکپ میں بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔ ہمارے پاس بہترین ٹیم موجود ہے۔ شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا انگلینڈ میں گزشتہ ریکارڈ دیکھا جائے تو ہم دیگر ٹیموں سے بہتر ہیں، پاکستان نے یہاں 2009ء کے دوران ٹی ٹونٹی کا ٹائٹل جیتا، 2017ء میں بھارت کو ہرا کر چیمپئنز ٹرافی جیتی جبکہ 1999ء کے ورلڈکپ کا فائنل کھیل چکے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران کپتان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز ہارنے پر افسوس نہیں۔ میگا ایونٹ کے لیے بھرپور پریکٹس کر رہے ہیں، اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ٹیم میں کچھ کر دکھانے کی لگن بھی موجود ہے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہماری بیٹنگ بہترین بیٹسمینوں پر موجود ہیں ہم گراؤنڈز میں فیلڈنگ پر سخت محنت کر رہے ہیں۔ کھلاڑیوں سے فیلڈنگ میں ڈو مور کا مطالبہ کیا ہے امید ہے اس کہ بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔

محمد عامر اور وہاب ریاض کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ دونوں فاسٹ باؤلرز سینئر کھلاڑی ہیں دو سال سے نظر انداز وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کیا جانے کا مقصد ان کا نئے گیند کے ساتھ اچھی گیندیں کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ہم انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیل رہے تھے ہمیں محسوس ہوا کہ ہمارے پاس ایسے بولرز کی کمی ہے جو 140 سے 145 کی رفتار سے گیندیں کرتے ہوں۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ سپن باؤلر شاداب خان ٹیم میں واپس آ گئے ہیں۔ آل رائونڈرز کے ساتھ وہ اچھی باؤلنگ بھی کرتے ہیں مجھے ان سے کافی امیدیں ہیں کہ وہ بہترین کھیل پیش کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کریں گے۔  

Advertisement