نئی ٹیسٹ رینکنگ: سمتھ نے دوسری پوزیشن سنبھال لی

Last Updated On 19 August,2019 05:12 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی کی طرف سے نئی ٹیسٹ رینکنگ میں کینگروز پلیئر سٹیو سمتھ نے دوسری پوزیشن سنبھال لی جبکہ پاکستانی بابر اعظم کیریئر کی بہترین پوزیشن پر پہنچ گئے۔

آئی سی سی کی ویب سائٹ کے مطابق نئی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلوی بلے باز سٹیو سمتھ نے ایک بار پھر دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے۔ ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں 92 رنز سکور کرنے والے سمتھ نے کیوی کپتان ولیمسن سے دوسری پوزیشن چھین لی ہے وہ اب تک رواں سیریز میں 126 کی اوسط سے 378 رنز سکور کر چکے ہیں اور سرفہرست پر فائز بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے 9 پوائنٹس پیچھے ہیں۔

ترقی پانے والے دیگر کینگرو بلے بازوں میں ٹریوس ہیڈ 20 ویں سے 18 ویں اور مارنس لبسشین 98 ویں سے 82 ویں شامل ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس32 ویں سے 26 ویں،جونی بیئر سٹو37 ویں سے 30 ویں اور روری برنز 81 ویں سے 64 ویں کو ترقی ملی ہے۔

عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کی تنزلی کے بعد پاکستان کے بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے ساتھ کیریئر کی بہترین17ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

باﺅلرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے جبکہ اپنے پہلے ٹیسٹ میں 5 وکٹیں لینے والے جوفرا آرچر نے 83 ویں پوزیشن کے ساتھ ٹیسٹ رینکنگ میں انٹری لی ہے۔

انگلش سپنر جیک لیچ نے بھی 48 ویں پوزیشن سے 40 ویں پوزیشن پر چھلانگ لگائی ہے۔ مچل سٹارک اور نیتھن لیون کی تنزلی کا پاکستانی لیگ سپنر یاسر شاہ کو فائدہ ہوا ہے جو اب 17 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
 

Advertisement