قتل کا ملزم درخواست ضمانت مسترد ہونے پر احاطہ عدالت سے فرار

Last Updated On 15 March,2019 03:55 pm

کراچی: (دنیا نیوز) قتل کیس میں سات سال سے عبوری ضمانت کے مزے لینے والا ملزم ضمانت مسترد ہونے پر سپریم کورٹ کراچی سے بھاگ کھڑا ہوا۔ چیف جسٹس پاکستان نے ملزم کی سات سال تک عبوری ضمانت کو دھچکا قرار دے دیا۔

سات سال کے مزے ختم ہونے کا ڈر، قتل کا ملزم ضمانت مسترد ہونے پر عدالت سے بھاگ نکلا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ملزم پیر ارشاد علی شاہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کا معاملہ زیر سماعت آیا تو چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست ضمانت مسترد کر دی۔

ملزم نے فیصلہ سنتے ہی دوڑ لگا دی اور بآسانی فرار ہو گیا۔ چیف جسٹس پاکستان نے ملزم کی سات سال تک عبوری ضمانت کو دھچکا قرار دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ کیا کوئی 7 سال تک عبوری ضمانت پر رہنے کا جواز دے سکتا ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ اور ٹرائل کورٹ کو بھی پیغام جانا چاہیے۔ سندھ ہائی کورٹ نے عبوری ضمانت پر 5 سال بعد فیصلہ جاری کیا۔ ہائیکورٹ میں 2012 میں ضمانت کی درخواست دائر ہوئی اور 2018 میں فیصلہ ہوا، قتل کیس میں ملزم کو اتنا عرصہ عبوری ضمانت پر رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔

ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نے بتایا کہ ملزم نے 2012 میں ایک شخص کو قتل اور دوسرے کو زخمی کیا تھا۔ ملزم کے خلاف تھانہ حیدر آباد میں مقدمہ درج ہے، ملزم اور مقتول پارٹی کے درمیان زمین کے تنازعہ پر جھگڑا ہوا تھا۔ عدالت نے ملزم کی گرفتاری کےلیے پولیس کو حکم جاری کردیا۔
 

Advertisement