کراچی: رات گئے پولیس فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی، واقعے کو مقابلہ قرار دیدیا

Published On 10 September,2020 11:20 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں رات گئے پولیس کی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہو گیا، پولیس نے موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوانوں کو رکنے کا اشارہ دیا، نہ رکنے پر پولیس نے فائرنگ کر دی اور واقعے کو مقابلہ قرار دے دیا۔

کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب پولیس کی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہو گیا، پولیس نے واقعے کو مقابلہ قرار دے دیا۔ زخمی ہونے والے نوجوان کی شناخت ہمایوں مرتضیٰ کے نام سے ہوئی جس کے دوستوں کے مطابق چھ دوست ہوٹل پر کھانا کھانے گئے تھے جس کی تصاویر بھی موجود ہیں۔

واپس آتے ہوئے چھالیہ لینے رکے، قریب ہی کھڑی پولیس موبائل نے رکنے کا اشارہ کیا لیکن ہمایوں اپنے انداز میں بائیک چلاتا ہوا نکل گیا، پولیس نے موبائل پیچھے لگا دی اور نہ رکنے پر فائر کر دیئے اور گولی ہمایوں کے نچلے حصے پر لگنے سے زخمی ہو گیا۔

دوسری جانب پولیس کے مطابق مبینہ مقابلے میں ہمایوں اور شعیب گرفتار ہوئے ہیں، ملزمان روکنے کے باوجود فرار ہونے لگے تو مقابلے کے بعد گرفتار کیا، ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے اسلحہ پھینک دیا، ملزمان کے قبضے سے بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
 

Advertisement