پشاور میں فائرنگ سے خواجہ سرا جاں بحق، دوسرا زخمی، ہسپتال منتقل

Published On 09 September,2020 11:34 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاورمیں فائرنگ سے ایک خواجہ سرا جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا، پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی۔

پولیس کے مطابق تھانہ تہکال کے علاقے پلوسی میں خواجہ سرا رات گئے شادی کی تقریب سے واپس آ رہے تھے کہ نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں گل پانڑا نامی ایک خواجہ سرا موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ فائرنگ کی زد میں آتے ہوئے چاہت نامی دوسرا خواجہ سرا زخمی ہوا جس کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے واقعہ کی تحقیقات اورملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیےخصوصی ٹیم تشکیل دیدی، پولیس کے مطابق ملزمان فائرنگ کے بعد رات کی تاریکی میں فرار ہوگئے۔

دوسری طرف خواجہ سرا کے قتل کے معاملے پر شہری سوشل میڈیا پر غصے کا اظہار کر رہے ہیں ، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر خواجہ سرا کا قتل ٹاپ ٹرینڈ (#JusticeForGulPanra)بنا ہوا ہے۔ جس میں انصاف کے لیے صدائیں بلند کی جا رہی ہیں۔ 

Advertisement