قندیل بلوچ قتل کیس:اشتہاری ملزم دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

Last Updated On 07 October,2019 04:24 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں اشتہاری ملزم عارف کو عدالت میں پیش کر دیا گیا جسے دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس تھانہ مظفر آباد کے حوالے کر دیا گیا۔

دنیا نیوز کے مطابق چند روز ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں مفرور اور اشتہاری ملزم عارف کو انٹر پول کے ذریعے گرفتار کیا گیا تھا، ملزم سعودی عرب میں مقیم تھا اور اشتہاری تھا جسے پولیس تھانہ مظفر آباد نے عدالت میں پیش کر دیا، ڈیوٹی مجسٹریٹ خا ور شاہ نے ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا۔

ذرائع کے مطابق ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں ملزم عارف کے جرم کا فیصلہ ہونا باقی ہے، ملزم عارف پر قندیل بلوچ کو قتل کرنے پر اعانت کا الزام عائد ہے، عارف کیخلاف مفتی عبدالقوی کے کہنے پر قندیل بلوچ کو قتل کی ترغیب دینے کا الزام عائد تھا، قتل کے وقت ملزم عارف سعودی عرب میں مقیم تھا، ملزم عارف کے خلاف ملزم اسلم شاہین کو سعودی عرب سے کالز کرنے کا الزام ہے۔

یاد رہے کہ 15 جولائی 2016ء کو قتل ہونے والی سوشل میڈیا سے مشہور ہونے والی ماڈل قندیل بلوچ کے گرفتار ہونے والے بھائی محمد وسیم نے اعتراف کیا تھا کہ میرے بھائی محمد عارف نے مجھ پر دباؤ ڈالا تھا کہ قندیل بلوچ کو جان سے مار دو۔ کیونکہ عارف کہتا تھا کہ اس کی زندگی کا طرز عمل ہمارے لیے بہت مسائل اور شرمندگی کا باعث بن رہا ہے اور کہا تھا کہ قتل کرنے کے بعد کہی دوسری جگہ فرار ہو جانا۔ 27 ستمبر کو عدالت کی طرف سے محمد وسیم کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔  

Advertisement