وزیراعلیٰ پنجاب کا شیخوپورہ ڈسٹرکٹ جیل اور ہسپتال کا دورہ

Last Updated On 06 January,2019 08:45 pm

شیخوپورہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ادویات باہر سے منگوانے پر ٹراما سینٹر کے ڈاکٹر کو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔ ڈسٹرکٹ جیل میں قیدی مریضوں کے بستر پر تکیہ نہ ہونے پر سپرنٹنڈنٹ جیل کی سرزنش کر دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شیخوپورہ کا دورہ کیا۔ اس دوران وزیراعلیٰ نے شہر میں صفائی کے انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ شیخوپورہ میں تجاوزات کیخلاف جاری آپریشن سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن میں شہریوں کو بلا وجہ تنگ نہ کیا جائے۔

وزیراعلیٰ ڈسٹرکٹ جیل بھی گئے جہاں انہوں نے قیدیوں کے بیرکس اور کچن کا جائزہ لیا۔ جیل کے ہسپتال کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے قیدی مریضوں کی عیادت کی اور ہسپتال میں ڈاکٹر کے موجود نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ قیدی مریضوں کے بستر پر تکیہ نہ ہونے پر وزیراعلیٰ نے سپرنٹنڈنٹ جیل کی سرزنش بھی کی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے دورے میں مریضوں کی عیادت کی۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں زخمی بچے کے والد سے ادویات باہر سے منگوانے پر ٹراما سنٹر کے ڈاکٹر مزمل کو معطل کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مفت ادویات کے لئے حکومت نے اربوں روپے فراہم کئے، اس کے باوجودمفت ادویات نہ ملنا افسوسناک امر ہے۔
 

Advertisement