راولپنڈی: فلیٹ میں گیس لیکج کے باعث دھماکا، 3 افراد جاں بحق

Last Updated On 19 January,2019 12:14 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں رہائشی فلیٹ میں علی الصبح گیس لیکج سے دھماکہ ہوا جس کے بعد فلیٹ میں آگ لگ گئی، آتشزدگی کے باعث 2 خواتین سمیت 3 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔

 ریسکیو 1122 ترجمان کے مطابق ڈھوک چوہدریاں فلیٹ میں گیس لیکج سے دھماکہ ہوا اور آگ لگی، آگ سے جھلس کر 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں آرمی پبلک سکول کی ٹیچرشبنم کیانی، اے پی ایس کا طالبعلم فہد کیانی اور 50 سالہ حمیرا نشاط شامل ہیں۔

ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا ہے، تھانہ ائیرپورٹ پولیس نے بتایا کہ متاثرہ فلیٹ میں صرف 3 افراد ہی رہائش پذیر تھے جو اس افسوسناک واقعہ میں جاں بحق ہو گئے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق فلیٹ میں گیس لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے چولہے کا والوو کھلا رہ گیا تھا، رات بھر گیس لیک ہوتی رہی صبح ناشتے کی تیاری کے لیے ماچس جلائی گی تو زوردار دھماکہ ہوگیا۔ جس کے نتیجےمیں آگ لگ گئی۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات مکمل کرلی ہیں، واقعہ میں جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کا تعلق گوجر خان کے علاقے سکھو سے ہے۔

 

Advertisement