رینٹل پاور ریفرنسز: راجہ پرویز پر فرد جرم کیلئے 8 فروری کی تاریخ مقرر

Last Updated On 21 January,2019 02:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور شریک ملزمان پر رینٹل پاور پروجیکٹ ریفرنسز میں 8 فروری کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور دیگر کیخلاف رینٹل پاور پراجیکٹ ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے کی۔ عدالت نے تمام ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 8 فروری کی تاریخ مقرر کر دی اور اس روز تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے 3 رینٹل پاور منصوبوں گلف، ریشماں اور ینگ جن کے ریفرنس میں فرد جرم کی تاریخ مقرر کی ہے۔ فاضل جج نے استفسار کیا کہ اتنے عرصے سے یہ کیس زیر سماعت ہیں لیکن کارروائی آگے کیوں نہیں بڑھی ؟ وکلاء صفائی نے بتایا کہ کچھ قانونی عمل کی وجہ سے ان کیسز میں پیش رفت نہیں ہوسکی تھی۔ راجہ پرویز اشرف کے وکلاء نے حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست سننے کی استدعا کی تو جج ارشد ملک نے ریمارکس دیئے کہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد ملزمان کی استثنیٰ کی درخواست دیکھ لیں گے۔
 

Advertisement