نواز شریف کوٹ لکھپت جیل سے سروسز ہسپتال کیلئے روانہ

Last Updated On 02 February,2019 03:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف کوٹ لکھپت جیل سے سروسز ہسپتال کیلئے روانہ ہوگئے، تین رکنی میڈیکل بورڈ معائنہ کرے گا، سابق وزیراعظم کو ٹھیک ہونے کے بعد جیل منتقل کیا جائے گا، وی وی آئی پی کمرہ تیار کر لیا گیا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو فوری ہسپتال منتقل کرنے کی منظوری دی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے سروسز ہسپتال منتقلی کے احکامات جاری کئے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے نواز شریف کے ٹیسٹ سروسز ہسپتال میں ہوں گے، سینئر پروفیسرز کی رپورٹ پر نواز شریف کو ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جب تک ٹیسٹ مکمل نہیں ہوتے وہ ہسپتال میں ہی رہیں گے۔

یاد رہے گزشتہ روز سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کوٹ لکھپت جیل میں میڈیکل بورڈ نے طبی معائنہ کیا اور رپورٹ میں ظاہر کیا کہ نواز شریف کو پیچیدہ مسائل درپیش ہیں، میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کو ہسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تھی جس پر لاہور کے سروسز ہسپتال میں خصوصی انتظامات کئے گئے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کو کسی بھی وقت ہسپتال منتقل کیا جا سکتا ہے۔

 

Advertisement