دنیا کشمیری بچوں پر جاری بدترین ظلم وستم کا نوٹس لے، وزیر اطلاعات شبلی فراز

Last Updated On 04 June,2020 06:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ جارحیت کا شکار بچوں کے عالمی دن کے موقع پر دنیا کشمیری بچوں پر جاری بدترین ظلم وستم کا نوٹس لے۔

سینیٹر شبلی فراز نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ انسانیت کے خلاف بھارتی جرائم میں بچوں کی قید اور ان کی شہادتیں عالمی ضمیر پر سوالیہ نشان ہیں۔ پیلٹ گنز کے بے رحم استعمال نے بچوں کی بصارت چھین لی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وادی جنت نظیر میں غیر انسانی اور تاریخ کا طویل ترین لاک ڈاؤن جاری ہے، جہاں بچے بھی قید وبند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔

شبلی فراز نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ خوراک، ادویات اور بچوں کیلئے دودھ تک نہیں پہنچ پا رہا۔ قابض افواج کے جرائم پر انہیں کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

 

Advertisement