پراسرار پرانے ٹی وی کا تحفہ ملنے پر شہری پریشان

Last Updated On 19 August,2019 06:35 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکا میں موجود ایک شخص نے پرانے ٹی وی رہائشیوں کے گھر کے باہر رکھ کر شہریوں کو مشکلات میں ڈال دیا، پرانے ٹی وی دیکھ کر شہری پریشان بھی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک پر اسرار شخص چہرے پر پرانا ٹی وی کور چڑھا کر درجنوں گھروں میں خاموشی سے پرانے ٹی وی رکھ کر رہائشیوں کو مشکل میں ڈال دیا۔امریکی ریاست ورجینیا میں پرانے ٹی وی کے ڈبے سے منہ چھپائے شخص نے راتوں رات تقریباً 50 گھروں کی دہلیز پر پرانے ٹی وی رکھ دیے جسکی گھر کے رہائشیوں کو کانوں کان خبر تک نہ ہوئی۔

غیر ملکی میڈیا کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پراسرار شخص نے پرانے ٹی وی کا خالی ڈبہ اپنے منہ پر چڑھا رکھا ہے اور اس نے رات کے اندھیرے میں تقریباً 50 کے قریب گھروں کی دہلیز پر پرانے ٹی وی سیٹ رکھے، رہائشیوں نے صبح اٹھ کر جب اپنی دہلیز پر یہ انوکھا تحفہ دیکھا تو وہ بھی حیران رہ گئے۔

گھروں کے رہائشیوں نے گھر کے باہر پرانے ٹی وی رکھے دیکھ کر پولیس سے رابطہ کیا اور اس انوکھے تحفے کے بارے میں بتایا جبکہ رہائشیوں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انہیں اسکے پیچھے کسی وجہ کا علم نہیں۔

رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہیں اس بارے میں کچھ نہیں پتا کہ ٹی وی سیٹ کسی ایک شخص نے رکھے یا اس میں زیادہ افراد شامل ہیں۔ ڈور بیل کیمرے سے لی جانے والی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پراسرار شخص نے نیلے رنگ کا سوٹ، دستانے اور جوتے پہن رکھے ہیں۔

دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ کسی خطرے کی علامت نہیں اسلئے اس پر مزید تحقیقات جاری رکھنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

Advertisement