ہیرے کے اندر ہیرا، منفرد دریافت 80 کروڑ سال پرانی

Last Updated On 11 October,2019 11:12 am

ماسکو: (روزنامہ دنیا) دنیا میں پہلی بار ایسا ہیرا دریافت کیا گیا ہے جس کے اندر ایک ہیرا موجود ہے۔ روس میں دریافت ہونے والایہ منفرد ہیرا ممکنہ طور پر 80 کروڑ سال سے بھی زیادہ پرانا ہوسکتا ہے، اسے میٹریوشیکا کا نام دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس ہیرے کا وزن اعشاریہ 62 قیراط ہے جبکہ اس کے اندر موجود ہیرے کا وزن اعشاریہ 2 قیراط ہے۔ ہیرے کے اندر ایک اور ہیرے کی موجودگی پر سائنسدانوں نے اس قیمتی پتھر کی مختلف طریقوں سے جانچ پڑتال کی جس کیلئے انفراریڈ اور ایکسرے وغیرہ کا بھی استعمال کیا گیا، اس دوران جو دلچسپ چیز دریافت کی گئی وہ دونوں ہیروں کے درمیان موجود خلا تھا۔

سائنسدانوں نے اس حوالے سے 2 خیالات پیش کئے ہیں ایک تو یہ ہے کہ بہت تیز نشوونما کے نتیجے میں اندر موجود ہیرے کے اوپر ایک اور ہیرے جیسے مادے کی تہہ بن گئی اور پھر قدرتی دھاتی پراسیس کے نتیجے میں وہ تہہ تحلیل ہوگئی تو ایک ہیرا دوسرے کے اندر آزادی سے پھرنے لگا۔

دوسرا خیال یہ ہے کہ ایک دھاتی منرل نے ہیرے کو نشوونما کے دوران پکڑ لیا اور پھر زمین کی سطح میں تحلیل ہوگیا۔ اب تک اس کی کوئی قیمت طے نہیں کی گئی مگر یہ دنیا کے مہنگے ترین ہیروں میں سے ایک ثابت ہو گا۔
 

Advertisement