میکسیکو دیوار ضروری امریکیوں کے قتل میں تارکین وطن ملوث، ٹرمپ

Last Updated On 10 January,2019 10:36 pm

واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میکسیکو سرحدی دیوار کی تعمیر ضروری ہے، تارکین وطن امریکیوں کے قتل میں ملوث ہیں، ملک کو محفوظ بنانا ہو گا۔

امریکی صدر نے اوول آفس سے ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن کی وجہ سے جرائم میں اضافہ ہوا اور حال ہی میں ان تارکین وطن نے کیلیفورنیا اور جارجیا میں کئی امریکیوں کا بہیمانہ قتل کیا۔ غیر قانونی تارکین وطن کی آمد سے ہر امریکی متاثر ہو رہا ہے صرف گزشتہ برس 20 ہزار بچے غیرقانونی طور پر امریکا لائے گئے جس سے میکسیکو کی سرحد پر سیکیورٹی اور انسانی بحران سنگین ہوتا جارہا ہے ۔

امریکی صدر نے اپوزیشن کو متنبہ کیا کہ اگر ڈیموکریٹس نے بل کی منظوری نہ دی تو امریکی حکومت کا شٹ ڈاؤن جاری رہے گا۔انہوں نے کہا سینیٹر چک شومر اور دیگر ڈیموکریٹس ماضی میں دیوار کے حامی تھے ،میرے صدر بنتے ہی انہوں نے اپنا ذہن بدل لیا۔واضح رہے کہ میکسیکو سرحدی دیوار کی تعمیر کیلئے پانچ ارب 70کروڑ ڈالر کے فنڈز درکار ہیں جو ڈیمو کریٹس کی تائید کے بغیر امریکی حکومت کو نہیں مل سکتے ۔ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکاکو محفوظ رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔

خطاب سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں امریکی صدر نے کہا کہ امریکا کی جانب سے غلط اندازوں پر شروع کی گئی جنگیں باوقار انداز میں ختم ہوں گی۔ ادھر امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی اور اقلیتوں کے لیڈر چک شومر نے امریکی صدرکے خطاب پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ امریکی جمہوریت اس طرح کام نہیں کرتی اور نہ ہی جذباتی انداز سے حکومت چلائی جا سکتی ہے ۔ صدر نے قوم میں ڈر پھیلانے ، حکومتی بحران بڑھانے اور اپنی ناکامی چھپانے کیلئے ناقص معلومات پر مبنی خطاب کیا۔

نینسی پلوسی نے کہا کہ ڈیموکریٹس حقائق سے بات شروع کرنا چاہتے ہیں۔ چک شومر نے کہا کہ امریکی صدر اپوزیشن کو فنڈز دینے پر آمادہ کرسکے نہ امریکی عوام کومطمئن کرسکے ۔صدرکانگریس کو بل کی منظوری دینے پر راضی نہ کر پائے تو حکومتی شٹ ڈاؤن کردیا۔دونوں رہنماؤں نے صدر ٹرمپ سے حکومتی امور کو بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دیوار کی تعمیر کے علاوہ بھی سرحد کو محفوظ بنانے کے کئی طریقے موجود ہیں۔ڈیمو کریٹس نے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے ۔یاد رہے کہ امریکامیں 18 روز سے حکومتی شٹ ڈاؤن جاری ہے ۔ 

Advertisement