میکسیکو دیوار تنازع، ٹرمپ کی ایمرجنسی نافذ کرنے کی دھمکی

Last Updated On 11 January,2019 09:21 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) میکسیکو دیوار کی تعمیر کیلئے فنڈنگ کے معاملے پر شٹ ڈاؤن بحران شدت اختیار کر گیا۔ صدر ٹرمپ نے ایمرجنسی نافذ کرنے کی دھمکی دے دی اور ڈیموکریٹس کو ہٹ دھرم قرار دیتے ہوئے ورلڈ اکنامک فورم کے لیے سوئٹزرلینڈ کا دورہ بھی ملتوی کر دیا۔

میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر پر فنڈنگ کا معاملہ، صدر ٹرمپ نے 5.7 ارب ڈالر کے فنڈ کے لیے کانگرس کو بائی پاس کرنے اورایمرجنسی اختیارات استعمال کرنے کی دھمکی دے دی۔

امریکی میڈیا کےمطابق وائٹ ہاؤس نے فنڈنگ کے لیے ایمرجنسی کے نفاذ کی ابتدائی تیاری شروع کر دی ہے، قبل ازیں سوشل میڈیا پیغام میں صدر ٹرمپ نےکہا کہ فنڈنگ تنازع پر ڈیموکریٹس کی ہٹ دھرمی کے باعث وہ ورلڈ اکنامک فورم کے لیے سوئٹزر لینڈ کا دورہ ملتوی کر رہے ہیں۔

امریکی صدر نے دیوار کے حوالے سے میکسیکو سرحد کا دورہ بھی کیا، دوسری جانب سپیکر نینسی پلوسی نے صدرٹرمپ سے شٹ ڈاؤن ختم کرنےکا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیموکریٹس کے پاس سرحدی سکیورٹی کا بہترمنصوبہ ہے۔
 

Advertisement