امریکی شٹ ڈاؤن، ہزاروں ورکرز کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف مظاہرہ

Last Updated On 11 January,2019 09:37 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی شٹ ڈاؤن سے متاثر ہزاروں ورکرز تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر سڑکوں پر نکل آئے۔ ائیرپورٹ، جیل اورسرحدی سیکیورٹی سمیت دیگر اداروں کے ملازمین نے مطالبہ کیا کہ شٹ ڈاؤن فوری ختم کیا جائے۔

میکسیکو دیوار کی فنڈنگ منظور نہ ہونے پر امریکا کا دوسرا طویل ترین شٹ ڈاؤن جاری، ہزاروں ائیرٹریفک کنٹرول ملازمین امریکی دارالحکومت کے سب سے اہم مرکز کیپٹل ہل کے سامنے مظاہرہ کرنے پہنچ گئے۔ بغیر تنخواہ کام کرنے والے فلائٹ اٹینڈنٹس، پائلٹس اور ورکرز نے 20 روز سے جاری شٹ ڈاؤن ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

مقررین نے نائن الیون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شٹ ڈاؤن نے امریکی قومی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا ہے، اس سے قبل واشنگٹن میں سیکڑوں ورکرز نے
شٹ ڈاؤن کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے لگائے۔

کچھ منچلوں نے احتجاج میں موسیقی کے رنگ بھی بھر لیے، امریکی جزوی شٹ ڈاؤن کے باعث 8 لاکھ سرکاری ملازم عارضی رخصت پر ہیں یا بغیر اجرت کام کرنے پرمجبور ہیں۔
 

Advertisement