اشرف غنی کی افغانستان میں دفتر کھولنے کی پیشکش طالبان نے ٹھکرا دی

Last Updated On 12 February,2019 02:48 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان کے صدر اشرف غنی نے طالبان کو ملک کے کسی بھی شہر میں دفتر کھولنے کی دعوت دے دی۔ طالبان نے پیشکش مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری قطر میں موجود طالبان کے دفتر کو تسلیم کرے۔ ادھر امریکی وزیردفاع نے کابل کے اچانک دورے میں افغان حکومت سے امن مذاکرات میں شامل ہونے پرزور دیا۔

افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کو ملک کے کسی بھی حصے میں دفتر کھولنے کی پیشکش کر دی۔ صوبہ ننگرہار کے دورے کے دوران افغان صدر کا کہنا تھا کہ وہ افغانستان میں باوقار اور دیرپا امن لانا چاہتے ہیں۔ اس سلسلے میں طالبان کے لئے ملک کے کسی بھی شہر میں دفتر کھولنے کے لیے تیار ہیں۔

طالبان نے افغان صدر کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری دوحہ میں موجود طالبان کے دفتر کو تسلیم کرے۔ ادھر امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد پاکستان افغانستان سمیت 6 ملکی دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ اس دوران وہ افغان امن عمل کیلئے جاری کوششوں میں اتحادیوں سے مشاورت کریں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کےمطابق مذکورہ دورہ افغان امن عمل کیلئے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
 

Advertisement