جولائی سے فروری کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات 50 فیصد اضافے سے 4 ارب 19 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی:ادارہ شماریات
کراچی : (دنیا نیوز) معاشی ترقی میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری ہے ، ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے فروری کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات 50 فیصد اضافے سے 4 ارب 19 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ اسی عرصے کے دوران ریفائنریز نے بھی گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں 38 فیصد زائد خام تیل درآمد کیا۔
آٹھ ماہ میں خام تیل کی درآمدات 1 ارب 58 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ جولائی سے فروری کے دوران ہی 74 کروڑ ڈالر کی ایل این جی اور 16 کروڑ ڈالر کی ایل پی جی درآمد کی گئی ، تجزیہ کاروں کے مطابق معاشی ترقی کی شرح میں اضافے اور عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخ کم ہونے کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ، دوسری جانب پاک چین اقتصادی راہ داری منصوبوں میں کام کی رفتار بڑھنے اور گوادر پورٹ کے فعال ہوجانے سے بھی ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں اضافہ ہوا ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت نےگرمیوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے دھڑا دھڑ فرنس آئل درآمد کیا ہے جس کے باعث اس وقت ملک میں فرنس آئل کے ذخائر 40 دن کی سطح کو پہنچ چکے ہیں۔