مردم شماری کے بعد صنعت شماری کا آغاز

Published On 15 Apr 2017 04:59 PM 

صنعتکاروں کو اثاثوں اور ٹیکس ادائیگیوں کا ریکارڈ بھی فراہم کرنا ہو گا، ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ قومی مفاد میں صنعتکار تمام معلومات ادارے کو جمع کرائیں۔

کراچی: (دنیا نیوز) ملک میں مردم شماری کے ساتھ ساتھ صنعت شماری کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ ادارہ شماریات نے صنعت شماری کیلئے سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے ریجنل آفیسز کو معلومات اکھٹی کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ہر صنعتکار کو اثاثوں کی مکمل معلومات کے ساتھ ٹیکس ادائیگیوں کا ریکارڈ بھی دینا ہو گا۔ اس کے علاوہ خام مال کی خرید و فروخت اور فیکٹری ملازمین کی تفصیلات بھی فراہم کرنا پڑیں گی۔ ادراہ شماریات نے تمام معلومات فراہم کرنے کے لئے ایک سوال نامہ مرتب کیا ہے۔ ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ قومی مفاد میں صنعتکار تمام معلومات ادارے کو جمع کرائیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومت کے اس فیصلے سے ملک میں صنعتوں کی تعداد اور ان کی پیداوار کا پتا چل سکے گا جس سے دستاویزی معیشت کو فروغ ملے گا اور ٹیکس وصولیوں میں بھی اضافہ ہو گا۔