عوام کیلئے بری خبر، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ، ترقیاتی منصوبوں کو جاری رکھنے کے لئے محصولات میں اضافہ ناگزیر ہے، آئی ایم ایف۔
کراچی: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کو جاری رکھنے کے لئے محصولات میں اضافہ ناگزیر ہے، حکومت کو پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور بجلی پر سبسیڈی ختم کرنا ہو گی۔ پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر سکتی ہے۔ دنیا بھرکے ممالک کو مشکل وقت میں قرض دینے والے عالمی ادارے آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان کو مشورہ دیا ہے کہ محصولات میں اضافے کی خاطر حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ بجلی کی قیمتوں پر دی جانے والی سبسیڈی کو ختم کر دے۔ کیونکہ اسی صورت میں ٹیکسوں کا معاشی ترقی سے تناسب بہتر ہو سکتا ہے اور حکومت ترقیاتی منصوبوں کو بغیر کسی کٹوتی کے جاری رکھ سکتی ہے۔ دوسری جانب معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر حکومت محصولات میں اضافے میں اضافے کے لئے آئی ایم ایف کے مشورے پر عمل کر لیتی ہے تو ملک میں مہنگائی کا طوفان اُمنڈ آئے گا اور پیٹرول، بجلی اور اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے سے حکومت کے لئے آئندہ الیکشن میں عوام سے ووٹ لینا ایک چیلنج سے کم نا ہو گا۔