اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی دستاویزات کو 18 مئی تک حتمی شکل دے کر اشاعت شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے
وزارت خزانہ کے مطابق تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو مراسلہ بھجوایا گیا ہے کہ خزانہ ڈویژن کے بجٹ ونگ کی جانب سے سال 2018-19 کے لیے بجٹ ان بریف کی دستاویز کی تیاری اختتامی مراحل میں ہے ۔ لہٰذا تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ رواں مالی سال کے نظرثانی شدہ تازہ ترین بجٹ تخمینہ جات بجٹ ونگ خزانہ ڈویژن کو بھجوائے جائیں۔
اس کے علاوہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لیے بھی تازہ ترین تخمینہ جات بھجوائے جائیں۔ ذرائع کا کہناہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ مڈ ٹرم بجٹری فریم ورک اور سالانہ ترقیاتی پلان، مجوزہ پی ایس ڈی پی کے تخمینہ جات بھی بھجوائے جائیں تاکہ ان کی بجٹ دستاویزات کو تیار کیا جا سکے اور بجٹ دستاویزات کی اشاعت شروع کی جا سکے۔