اسلام آباد: (دنیا نیوز) رواں مالی سال شرح نمو 5.79 فیصد رہی، مالی سال 18-2017 کی اقتصادی جائزہ رپورٹ جاری، مہنگائی کی شرح 7.89 فیصد سے کم ہو کر 3.8 فیصد پر آ گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر برائے پلاننگ، ڈویلمپنٹ اینڈ ریفارمز احسن اقبال اور وزیراعظم کے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اقتصادی جائزہ رپورٹ 18-2017 پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی ترقی کی شرح گزشتہ 13 برسوں میں سب سے زیادہ 5.79 فیصد رہی اور مہنگائی کی شرح 7.89 فیصد سے کم ہو کر 3.8 فیصد پر آ گئی ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مالی سال 18-2017 کے دوارن زرعی ترقی کی شرح 3.8 فیصد رہی، برآمدات کمزور شعبہ تھا لیکن پیکیج دینے سے اس میں بہتری آئی۔ ہمیں فخر ہے کہ ن لیگ نے جو وعدے کیے وہ پورے کیے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قرضوں سے بجلی کے منصوبے لگائے جس کے باعث ترقیاتی اخراجات بڑھے ہیں جب کہ مارچ تک برآمدات میں 13 فیصد اضافہ ہوا۔ ہم نے اگلی حکومت کے نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 100 ارب روپے مختص کر دیے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 2013 میں سرمایہ کار ملک چھوڑ کر بیرون ملک جا رہے تھے، کراچی بھتہ خوروں کے ہاتھوں یرغمال تھا لیکن ہم نے اپنے وسائل سے دہشت گردی اور دیگر مسائل پر قابو پایا۔ آج پاکستان ایک محفوظ ملک ہے جہاں امن قائم ہے، ہماری حکومت نے سسٹم میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی داخل کی جس کی وجہ سے بجلی کے بحران میں کمی واقع ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی بحران کا سامنا نہ ہوتا تو اقتصادی ترقی کی شرح 6اعشاریہ ایک فیصد تک ہو سکتی تھی، سیاسی بحرانوں کی وجہ سے بھاری معاشی قیمت ادا کرنی پڑی۔