لاہور: (روزنامہ دنیا) تمام سیاسی جماعتیں ملک کے وسیع تر مفاد میں پُرامن انتخابات کو یقینی بنائیں، سیاسی جماعتوں میں کشیدگی نے پاکستان مخالف قوتوں کو سر اٹھانے کا موقع فراہم کیا۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے تمام سیاسی جماعتوں اور عوامی حلقوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کے وسیع تر مفاد میں پُرامن انتخابات کو یقینی بنائیں۔ گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا اس نازک وقت میں جب ملک کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، پر امن انتخابات بہت ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی نے پاکستان مخالف قوتوں کو ایک مرتبہ پھر سر اٹھانے کا موقع فراہم کیا ہے جو کسی طرح بھی درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا کا اہم ملک ہے اس لیے پوری دنیا کی نظر پاکستان میں ہونے والے انتخابات پر ہے۔ انتخابات میں کوئی نا خوشگوار واقعہ پوری دنیا میں منفی پیغام دے گا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے ہی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی جانب سے پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کر دیا گیا ہے، انتخابات میں بدامنی ملک دشمن عناصر کو پراپیگنڈا کرنے کا ایک اور موقع فراہم کریگی۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ یہ تمام صورتحال سیاسی جماعتوں سے دانشمندی کا تقاضا کرتی ہے۔سیاسی جماعتوں اور عوام کو مل کر بحیثیت قوم بین الاقوامی برادری کی نظر میں پاکستان کی بہترین ساکھ اجاگر کرنے کیلئے کام کرنا چاہیے۔