اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 6.37 روپے فی لٹر اور پٹرول کی قیمت میں 2.41 روپے فی لٹر کمی کر کے ایک اچھا فیصلہ کیا ہے اور تاجر برادری اس فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے۔
اسلام آباد چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 6.37 روپے فی لٹر اور پٹرول کی قیمت میں 2.41 روپے فی لٹر کمی کر کے ایک اچھا فیصلہ کیا ہے اور تاجر برادری اس فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے کیونکہ اس سے مہنگائی میں کچھ کمی واقع ہوگی اور کاروباری لاگت بھی کم ہو گی جس سے معیشت کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔
شیخ عامر نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسز پر فوری نظر ثانی کرے تاکہ ان مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم ہو اور کاروبار کی لاگت کم ہونے سے صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بھی بہتر ترقی ملے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر ضرورت سے زیادہ ٹیکس عائد کر کے ان مصنوعات کو آمدنی میں اضافہ کرنے کا ایک ذریعہ بنایا ہوا ہے لیکن صنعت وتجارت سمیت عوام کو اس کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں میں مناسب کمی کرے اور ٹیکس نظام میں ضروری اصلاحات لا کر آمدنی کو بہتر کرنے کی کوشش کرے جس سے کاروبار کیلئے سازگار حالات پیدا ہوں گے، سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے گا اور معیشت بہتر ترقی کرے گی۔