گیس کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی کے طوفان کا پیش خیمہ

Last Updated On 18 September,2018 05:11 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نئی نویلی حکومت نے آتے ہی عوام پر مہنگائی کا ایٹم بم گرا دیا، قومی خزانے کا منہ بھرنے کی خاطر حکومت نے گیس کی قیمتوں میں 143 فیصد تک اضافہ کردیا ہے۔

عوام کو ریلیف دینے کے حکومتی وعدے دھرے کے دھرے رہ گئے، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس کی قیمتوں میں 143 فیصد تک اضافے کی منظوری دیدی ہے۔ جس سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہو جائے گا۔ سی این جی ایسوسی ایشن کے مطابق گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سی این جی کی فی کلو قیمت میں 18 روپے کا اضافہ ہو جائے گا، جس سے ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے اخراجات دگنے ہوجائیں گے۔

اس کے علاوہ کسانوں کو بھی یوریا کھاد کی فی بوری کی خریداری پر 128 روپے اضافی ادا کرنے پڑیں گے جبکہ عوام کو سستے گھروں کا خواب دیکھانے والی حکومت کے اس فیصلے سے سیمنٹ بھی 10 روپے تک مہنگا ہوجائے گا۔

گیس کی قیمتوں میں اضافہ صنعتی پیداواری لاگت میں بھی اضافہ کردے گا، جس سے نہ صرف ملکی برآمدات متاثر ہوگی بلکہ مقامی سطح پر روزمرہ استعمال ہونے والی اشیاء کے دام بھی آسمان تک پہنچ جائیں گے۔

Advertisement