ڈالر کی اونچی پرواز ، مارکیٹ سے سرمایہ غائب

Last Updated On 11 October,2018 12:01 pm

کوئٹہ (دنیا نیوز ) ملک میں ڈالر کی اونچی اڑان نے سب کو پریشان کر دیا، سرمایہ داروں نے مارکیٹ سے ڈالر کو غائب کر دیا ہے جس کے باعث کوئٹہ کی اوپن مارکیٹ میں مندی کا رحجان ہے۔ ملک میں آنے والے معاشی بحران نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے سبب سب کو پریشان کر رکھا ہے۔

امریکی ڈالر ایسا محو پرواز ہے کہ کسی طرح قابو میں نہیں آ رہا، کوئٹہ کی اوپن مارکیٹ میں ڈالر نایاب ہو گیا ہے۔ منی چینجرکے پاس ڈالر خریدنے کی غرض سے جانے والوں کو ان دنوں ایک ہی جواب مل رہا ہے کہ ڈالر نہیں ہے۔ یہ صورتحال ڈالر خریدنے کے خواہشمندوں کے لئے پریشانی کا باعث ہے۔

کرنسی تبدیل کرنے والے ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں کیونکہ کوئی بھی ڈالر فروخت کرنے کے لئے نہیں لا رہا، سرمایہ داروں نے ڈالر کی بڑھتی قیمت کو دیکھ کر اسے اپنی تجوریوں میں چھپا لیا ہے۔ ڈالر کی قدر میں بے لگام اضافے کے باعث اشیاء خور و نوش سمیت ضروریات زندگی کی ہر چیز کی قیمتوں کو بھی پر لگنے کا امکان ہے، عام شہری کے لئے بھی باعث پریشانی ہے۔
 

Advertisement