اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومتی اقتصادی ٹیم کا کہنا ہے کاروباری طبقے کیلئے آن لائن ٹیکس ادائیگی کی سہولت میسر کر دی، ون ونڈو کے ذریعے نئی کمپنی کی رجسٹریشن ممکن ہو گی، وزیراعظم نے پاکستان کی رینکنگ بہتر کرنے کا ہدف دیا ہے۔
چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں مشکلات تھیں، اب ون ونڈو کے ذریعے کمپنی رجسٹر کی جاسکے گی، مارچ تک سندھ بھی اس سسٹم میں آجائے گا۔ ہارون شریف کا کہنا تھا پراپرٹی کی رجسٹریشن کو بھی آسان بنا دیا گیا ہے، بجلی کنکشن اور لوڈشیڈنگ کے اوقات سے متعلق شکایات ہیں، وزارت توانائی تاجروں کو ویب سائٹ پر معلومات دے گی، کاروباری افراد کیلئے ٹیکس نظام آسان بنانے کیلئے اقدامات کیے ہیں۔
مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ ہماری ٹیم نے صوبوں کیساتھ مل کر ٹیکسز سے متعلق کام کیا، پورٹل بنایا ہے جہاں کمپنی کو تمام سہولتیں ایک جگہ ملیں گی، ورلڈ بینک انڈیکس میں بہتری کیلئے پر امید ہیں۔