امریکی ڈالر 31 پیسے سستا، سٹاک مارکیٹ میں مندی، سونا مزید مہنگا

Last Updated On 02 August,2019 05:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں ڈالر ایک بار پھر سستا ہو گیا، انٹر بینک میں امریکی کرنسی 31 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 10 پیسے ستی ہوئی۔

دنیا نیوز کے مطابق ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے آخری روز ڈالر سستا ہو گیا، انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی کرنسی 31 پیسے سستے ہوئی جس کے بعد امریکی ڈالر کی نئی قیمت 159.11 روپے ہو گئی۔

اُدھر انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 10 پیسے سستا ہوا جس کے بعد کاروباری ہفتے کے آخری روز اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت 159.50 روپے پر پہنچ گئی ہے۔

سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی، انڈیکس 172 پوائنٹس گر گیا

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر مندی دیکھی گئی۔ حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 172 پوائنٹس گر گیا۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک موقع پر 31842.30 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم حصص کی خریدو فروخت اور انویسٹرز کی جانب سے ملک میں غیر یقینی سیاسی اور معاشی صورتحال کے باعث سرمایہ کاری سے گریز کیا گیا۔

اسی دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 31434.14 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا۔ کاروبار کے اختتام پر کچھ انویسٹرز نے سرمایہ کاری کی، مارکیٹ کے اختتام پر 172 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی، کے ایس ای 100 انڈیکس 31666 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

دریں اثناء عالمی منڈی میں سونا 29 ڈالر مہنگا ہو گیا، اس کے اثرات مقامی مارکیٹ میں بھی دیکھنے میں آئے، صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ 900 روپے مہنگا ہو گیا۔

ڈیلرز کے مطابق بین الاقوامی منڈی میں سونا 29 ڈالر مہنگا ہو کر 1436 ڈالر فی اونس ہو گیا ہے، اس کے اثرات فیصل آباد، لاہور، ملتان، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، کراچی، ملتان سمیت دیگر صرافہ مارکیٹوں پر بھی پڑے، اسی دوران سونے کی قیمت میں 900 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، فی تولہ سونے کی قیمت 84 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔