انٹر بینک میں ڈالر 33 پیسے سستا، سونا مزید 200 روپے مہنگا

Last Updated On 25 July,2019 11:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) انٹر بینک میں ڈالر 33 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 20 پیسے سستا ہو گیا۔ دوسری طرف سونے کی قیمت مزید 200 روپے بڑھ گئی جبکہ سٹاک مارکیٹ میں معمولی تیزی دیکھی گئی۔

دنیا نیوز کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز امریکی کرنسی کی قدر میں تنزلی دیکھی گئی جس کے بعد انٹر بینک میں امریکی ڈالر 33 پیسے سستا ہو گیا، روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 160 روپے 45 پیسے کی سطح پر بند ہوا۔

دوسری طرف انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی ڈالر کی قیمت میں 20 پیسے کمی دیکھی گئی، مارکیٹ میں امریکی کرنسی 160 روپے 70 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

فی تولہ سونا 84400 روپے کا ہو گیا

دوسری طرف سونے کی قیمت بھی مسلسل بڑھتی جا رہی ہے، عالمی بازار میں سونا ایک ڈالر اضافہ سے 1427 ڈالر فی اونس ہو گیا ہے اس کا اثر ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی پڑا۔ ملکی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں مزید 200 روپے اضافہ دیکھا گیا۔

کراچی، حیدرآباد ،لاہور، ملتان، اسلام آباد، فیصل آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 200 روپے اضافے کے بعد 84400 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ دس گرام سونا 189 روپے مہنگا ہو کر 72360 روپے کا ہو گیا ہے۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 45 پوائنٹس کی معمولی تیزی

اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی معمولی تیزی دیکھی گئی جس کے بعد حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 32446.40 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

کاروباری چوتھے روز ملکی سٹاک مارکیٹ میں ایک موقع پر زبردست تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس 32502 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم انویسٹرز کی طرف سے شیئرز کی خریداری کے بعد مندی کی بڑی لہر دیکھنے میں آئی اور سٹاک مارکیٹ کا انڈیکس 32150 پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیا۔ آخری لمحات میں ایک مرتبہ پھر سرمایہ کاروں نے دلچسپی ظاہر کی اور حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں تیزی دیکھنے میں آئی۔

کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 45 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 32446 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
 

Advertisement