کراچی: (دنیا نیوز) امریکا ایران کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل دو ڈالر فی بیرل اور سونے کی فی اونس قیمت 13 ڈالر بڑھ گئی۔
عالمی منڈی میں خام تیل اور سونے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔ امریکی خام تیل کی قیمت 1 ڈالر 80 سینٹس اضافے سے 63 ڈالر فی بیرل جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت 2 ڈالر اضافے سے 68 ڈالر 30 سینٹس ہو گئی۔ دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں سونا 13 ڈالر اضافے سے 1541 ڈالر 30 سینٹس فی اونس میں فروخت ہونے لگا۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا کی جانب سے عراق میں راکٹ حملے کے نتجے میں دونوں ممالک میں کشیدگی بڑھ گئی ہے ،یہی وجہ ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل اور سونا مہنگا ہونا شروع ہوگیا ہے۔ اگر صورتحال اسی طرح قائم رہی تو پاکستان کے درآمدی بل میں اضافے کے ساتھ ساتھ عوام کے لئے آئندہ ماہ پیٹرول کی قیمت میں بھی مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔