سڈنی: (دنیا نیوز) آسٹریلیا میں جنگلات کی آگ بے قابو ہو گئی، گھروں کو کھونے والے متاثرین وزیراعظم پر برس پڑے، اسکاٹ موریسون آگ سے متاثرہ افراد سے ملنے گئے تھے۔
آسٹریلیا میں جنگل کی آگ نے تباہی مچا دی، بارہ سو گھر، ایک کروڑ ایکڑ کا رقبہ جل کر خاک ہو گیا، ہلاکتوں کی تعداد اٹھارہ ہو گئی جس میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ریاست وکٹوریا میں آسٹریلوی فوج متاثرین کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کیلئے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے تاہم متاثرین کی بہت بڑی تعداد کے سبب امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ریاست نیو ساوتھ ویلز میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جہاں سے ہزاروں افراد کو آتشزدگی کے سبب نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔ وزیراعظم اسکاٹ موریسون متاثرین سے ملنے گئے جہاں مظاہرین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور بروقت امدادی کارروائیاں شروع نہ کرنے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا، گھر بار آگ میں کھونے والے آسٹریلوی شہری وزیراعظم کو برا بھلا کہتے رہے۔