پشاور: (دنیا نیوز) کورونا کے پھیلتے ہوئے خدشات کے پیش نظر خیبرپختونخوا میں ایف بی آر کو بھی مشکلات کا سامنا ہونے لگا، ٹیکس وصولی میں ایک ارب سے زائد کی ریکوری نہ ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے۔ حکام نے ہیلپ لائن سمیت دیگر اقدامات شروع کر دیئے۔
کورونا وائرس کے نقصانات، عوام تو کیا سرکاری افسران بھی پریشان ہو گئے، ٹیکس وصولی میں ایف بی آر خیبر پختونخوا کی ٹیکس وصولیاں بھی متاثر ہونے لگیں تاہم ٹیکس کولیکشن کیلئے نیا طریقہ کار ڈھونڈ لیا گیا۔ اب انٹرنیٹ بینکنگ اور اے ٹی ایم کے ذریعے بھی ٹیکس جمع کرائے جا سکیں گے جبکہ ہیلپ لائن کا بھی اجراء کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب تاجروں نے حکومتی اقدام کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ کہتے ہیں اب تو کھانے کے لالے پڑے ہیں۔ کچھ ہو گا تو ٹیکس دیں گے جب انکم ہی نہیں تو انکم ٹیکس کیسا۔ ایف بی آر کی جانب سے ماسک، ٹیسٹینگ کیٹس سمیت دیگر کورونا سے متعلق درآمدات پر بھی تین ماہ کیلئے ٹیکس معاف کیا گیا ہے۔