حکومت اور فلور ملز کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار، آٹے کی قیمتوں کا تعین نہ ہو سکا

Last Updated On 26 June,2020 03:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت اور فلور ملز کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے، آٹے کا 20کلو کا تھیلا گیارہ سو میں فروخت ہونے لگا۔ چیئرمین فلورز ملز ایسوسی ایشن نے محکمہ خوراک کی ناقص پالیسیوں کے خلاف ہڑتال کی دھمکی دیدی۔

گندم اور آٹے کی قیمت کیا ہوگی، 27 روز گزرنے کے باوجود گندم اور آٹے کی قیمتوں کا تعین نہ ہو سکا۔ حکومت فارمولہ طے نہ کر سکی۔ اوپن مارکیٹ میں گندم 2 ہزار روپے فی من اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1100 روپے میں بکنے لگا۔

موجودہ صورتحال میں فی من گندم کی قیمت میں 400 روپے خود ساختہ اضافہ کیا گیا ہے جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 295 روپے مہنگا ہو چکا۔ فلور ملز مالکان نے محکمہ خوراک کی ناقص پالیسیوں کے خلاف ہڑتال کی کال کی دھمکی دی تو وزیراعلیٰ پنجاب نے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی۔

محکمہ خوراک پنجاب اور فلور ملز ایسوسی ایشن میں گزشتہ 27 روز سے ڈیڈ لاک چلا آ رہا ہے، قیمتوں کا تعین نہ ہونےسے عوام مہنگائی کی چکی میں پسنے لگے۔ آٹے کی بڑھتی قیمت پر عوام نے مہنگائی پر قابو پانے میں حکومت کو بے بس قرار دیا۔

مرکزی چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع میں گندم کاایک جیسا کوٹہ دیا جائے ورنہ فلورملز کوہڑتال کرنی پڑے گی۔ ہڑتال سے آٹے کی قیمت 50 روپے سے بڑھ کر 80 روپے فی کلو ہو جائے گی۔

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔