لاہور: (روزنامہ دنیا) دورہ انگلینڈ کیلئے کورونا ٹیسٹ منفی آنے والے قومی کھلاڑیوں نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں ڈیرے ڈال لئے اورمصروف ترین دن بائیو سکیور ماحول میں گزارا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق قومی کھلاڑیوں نے دن کا آغاز ناشتے سے کیا جبکہ ان کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ بھی ہوئی،اس کے بعد کھلاڑیوں نے فوٹو سیشن میں شرکت کی۔ کھلاڑیوں کو ہیڈکوچ مصباح الحق اورسپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد نے خصوصی لیکچرز دئیے ۔ کھلاڑیوں اور آفیشلز نے ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے سماجی فاصلہ اختیار کئے رکھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سکواڈ میں شامل 18 کھلاڑیوں اور منیجمنٹ میں شامل 11 اراکین کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کا دوسرا مرحلہ مکمل کرلیا گیا جبکہ پہلے مرحلے میں مثبت نتائج آنے والے 10 کھلاڑیوں اور منیجمنٹ کے ایک رکن کا دوسرا کوویڈ 19 ٹیسٹ آج کیا جائے گا۔