لاہور: (ویب ڈیسک) چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان کا کہنا ہے کہ جن 10 کھلاڑیوں کا کورونا وائرس کا پہلا ٹیسٹ مثبت آیا تھا ان میں سے 6 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آگئے ہیں جب کہ 4 کھلاڑیوں کا نتیجہ دوبارہ مثبت آیا ہے۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دورہ انگلینڈ کے لیے کیے گئے دوسرے کورونا ٹیسٹ میں پہلا ٹیسٹ منفی آنے والے 18 کھلاڑیوں اور 11 آفیشلز کے دوسرے ٹیسٹ بھی منفی آئے ہیں۔
وسیم خان کے مطابق جن 10 کھلاڑیوں میں پہلے کورونا کی تصدیق ہوئی تھی ان میں سے 6 کھلاڑیوں میں دوسرے ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آیا ہے جب کہ 4 میں اب بھی کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔
وسیم خان نے بتایا کہ دوسراکورونا ٹیسٹ منفی آنے والے کھلاڑیوں میں حسنین ،شاداب، فخر زمان، محمد رضوان ،وہاب ریاض اور محمد حفیظ شامل ہیں، ان 6 کھلاڑیوں کا پہلا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جب کہ کاشف بھٹی، حارث رؤف، حیدر علی اور عمران خان کا دوسرا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے کے باوجود یہ 6 کھلاڑی انگلینڈ نہیں جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم منیجمنٹ میں شامل 11 آفیشلز کا دوسرا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے جب کہ ٹیم کے مساجر ملنگ کا ٹیسٹ پھر مثبت آیا ہے۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ ٹیم پہلے ووسٹر جائے گی جہاں 14دن کا قرنطینہ ہوگا جب کہ انگلینڈ پہنچنے کے 24گھنٹے کے دوران کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ دوبارہ لیا جائےگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ نے ہمارے ٹیسٹنگ کے طریقہ کار پر کوئی سوال نہیں اٹھایا ہے۔