لاہور: (دنیا نیوز) ٹیسٹ کرکٹر اور فاسٹ باؤلر جنید خان کا کہنا ہے کہ دکھ اس بات کا ہے کہ دورہ انگلینڈ کے لیے 29 کھلاڑیوں کا اعلان ہوا جن میں میرا نام نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے ساتھ کرکٹ کھیلنا مشکل ہوگا۔ آئی سی سی کے نئے قوانین سےریورس سوئنگ کرنے والے فاسٹ باؤلرز کو مشکلات پیش آئیں گی۔
جنید خان کا کہنا تھا کہ بال پر تھوک نہیں لگے گا اور شائن نہیں ہو گا تو ہر باؤلر مشکل میں ہو گا۔ میں گاؤں میں رہ رہا ہوں، کھیتوں کے سائڈ پر رننگ کر سکتے ہیں۔ گاؤں میں اپنی ایک چھوٹی سی اکیڈمی ہے، جہاں ٹریننگ کر لیتا ہوں۔
فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ مسلسل موقع نا ملنے کے بعد جب چانس ملتا ہے تو کھلاڑی پر پریشر ہوتا ہے، پریشر کی وجہ سے کرکٹر اپنی نیچرل گیم نہیں کھیل پاتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بہت اچھی بات ہے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ جیسے کئی نوجوان ٹیم کا حصہ ہیں، ٹیم میں نوجوان ہوں گے تو سینئر کھلاڑیوں پر پرفارمنس دکھانے کا پریشر ہو گا۔
جنید خان کا کہنا تھا کہ سینئر کھلاڑیوں کے ٹیم میں ہونے سے نوجوان پلیئرز کو سیکھنے کا موقع ملتا ہے، سنٹرل کنٹریکٹ سے باہر ہونے پر دکھ نہیں ہوا تھا۔
فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ دکھ اس بات کا ہے کہ دورہ انگلینڈ کے لیے 29 کھلاڑیوں کا اعلان ہوا جن میں میرا نام نہیں۔ اگر انگلینڈ میں پرفارمنس کی بنیاد پر سلیکشن کی گئی ہے تو میرا ریکارڈ سب سے اچھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ کاؤنٹی کرکٹ میں کھیلا ہوں، اگر انگلینڈ میں میری پرفارمنس کا جائزہ لیا جائے تو مجھے ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے تھا۔ دکھ ہوتا ہے لیکن زیادہ محنت کروں گا اور کوشش کروں گا کہ سلیکٹرز کو متاثر کروں۔