لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کروائے گئے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے پر محمد حفیظ نے نجی لیبارٹری سے دوبارہ ٹیسٹ کروایا جو نیگیٹو آیا ہے۔
کرکٹر محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی جانب سے ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے پر نہ صرف وہ خود تشویش میں مبتلا ہوئے بلکہ خاندان کے دیگر افراد کے بھی مرض کا شکار ہونے کے خطرات لاحق ہو گئے۔
احتیاط کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اہل خانہ کے ہمراہ کورونا ٹیسٹ ایک نجی لیبارٹری سے دوبارہ کروایا جس کی رپورٹس نیگیٹو ہیں۔ انہوں نے اللہ پاک کا شکر ادا کرتے ہوئے سب کی موذی مرض سے تحفظ کی دعا بھی کی۔
واضح رہے گزشتہ روز پی سی بی کی جانب سے کورونا ٹیسٹ کروائے گئے تھے جن میں محمد حفیظ کا رزلٹ بھی مثبت آیا تھا۔ بعد ازاں محمد حفیظ نے سوشل میڈیا پیغام میں مداحوں کو اپنی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اُن میں کورونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں، وہ معمول کے مطابق پریکٹس اور ورزش کر رہے ہیں جبکہ اپنے آپ کو صحت مند بھی محسوس کررہے ہیں۔