دورہ انگلینڈ، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر 10 اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کا خدشہ بڑھ گیا

Last Updated On 25 June,2020 10:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) دورہ انگلینڈ سے قبل کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر 10 اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کا خدشہ بڑھ گیا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے قومی ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف جیت مشکل قرار دیدی، کہتے ہیں بورڈ کو پہلے ہی کھلاڑیوں کی صحت کا خیال رکھنا چاہیے تھا۔

قومی ٹیم کی 28 جون کو دورہ انگلینڈ کے لیے روانگی شیڈول، کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے پی سی بی کی حکمت عملی پر سوالات اٹھنا شروع ہو گئے۔ قومی سکواڈ میں شامل 10 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آ گئے جس پر انگلینڈ کا مشکل ترین دورہ مزید مشکل بن گیا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی لازم قرار دیدی، سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ 10 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے سے صورتحال مشکل ہو گئی۔ ٹیم میں تین سے چار تجربہ کار کھلاڑی ہیں، انگلینڈ کے خلاف جیت بہت مشکل ہوگی۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کہتے ہیں کہ ٹیسٹ ٹیم میں صرف محمد رضوان کورونا کا شکار ہوئے، قومی ٹیم شیڈول کے مطابق روانہ ہو گی، مصباح الحق ریزرو کھلاڑیوں سے رابطے میں ہیں۔

ادھر پی سی بی کی جانب سے کروائے گئے کورونا ٹیسٹ کے رزلٹ پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا، دو روز قبل محمد حفیظ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، اب نجی لیب سے رزلٹ منفی آ گیا۔ پروفیسر نے ٹوئٹر پر ٹیسٹ منفی آنے کی تصدیق کردی۔

دوسری جانب وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے ماضی کی سلیکشن کمیٹی پر اقربا پروری کا الزام لگا دیا۔ کہتے ہیں سابق سلیکٹرز پسند نا پسند کی بنیاد پر ٹیم بناتے رہے، موجودہ مینجمنٹ سے اچھی توقعات ہیں۔

قومی ٹیم دورہ انگلینڈ کے لیے 28 جون صبح دس بجے لاہور سے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے روانہ ہوگی۔