لاہور: (دنیا نیوز) دورہ انگلینڈ کیلئے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا، محمد حفیظ کی رپورٹ نیگیٹو آنے کا معاملہ وائرل ہونے پر پی سی بی نے چپ سادھ لی، آل راؤنڈر سمیت پازیٹو ٹیسٹ والے دس کھلاڑیوں کی بھی دوبارہ سیمپلنگ کل ہو گی۔
انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے پہلا کورونا ٹیسٹ، پینتیس میں سے کلیئر ہونے والے چوبیس کھلاڑی اور آفیشلز کی سیمپلنگ آج لاہور کے نجی ہوٹل میں شروع ہو گئی۔ ہوٹل کے ایک فلور پر بائیو سکیور انتظامات کیے گئے ہیں جہاں تمام نیگیٹو ٹیسٹ والے ٹیم ممبرز قیام کریں گے۔
پہلے مرحلے کے بعد محمد حفیظ کے نجی لیب سے کی گئی نیگیٹو رپورٹ کو وائرل کرنے کے معاملے پر پی سی بی تاحال خاموش ہے، قومی آل راؤنڈر سمیت فخر زمان، محمد حفیظ، عمران خان، کاشف بھٹی، محمد حسنین،
محمد رضوان، وہاب ریاض، شاداب خان، حارث رؤف، حیدر علی اور قرنطینہ کرنے والے ٹیم مساجر ملنگ علی کی دوبارہ سیمپلنگ 26 جون کو شیڈول ہے۔
مثبت رپورٹس کی بڑھتی ہوئی تعداد ٹیم آفیشلز کے لیے درد سر بن گئی، ریزرو کھلاڑیوں میں شامل عمران بٹ، بلال آصف، محمد موسیٰ اور محمد نواز کے کورونا ٹیسٹ بھی بدھ کو ہو چکے ہیں۔
چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ممکنہ متبادل کھلاڑیوں کے لیے مشاورت شروع کر دی ہے، تین ٹیسٹ اور تین ہی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے قومی ٹیم کو اٹھائیس جون کو مانچسٹر روانہ ہونا ہے جہاں پر ان کے دوبارہ کوویڈ 19 ٹیسٹ لیے جائیں گے۔