کراچی: (روزنامہ دنیا) وفاقی حکومت کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ای او بی آئی نے عیدالاضحی سے قبل اپنے لاکھوں پنشنرز کیلئے تقریباً 6 ارب روپے مالیت کی پنشن کی رقم جاری کر دی ہے۔ رواں ماہ کی پنشن میں حکومت کی جانب سے دوہزار روپے ماہانہ کے اضافے کے پچھلے تین ماہ کے بقایا جات بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ موجودہ حکومت نے اپنے دور اقتدار کی مختصر مدت میں دو بار پنشن میں اضافہ کیا ہے جس کی شرح 62 فیصد بنتی ہے۔ ای او بی آئی تقریباً چار لاکھ پنشن یافتگان میں ماہانہ اوسطاً تین ارب روپے ماہانہ کی خطیر رقم پر مشتمل پنشن فراہم کر رہا ہے تاہم رواں ماہ کی پنشن 8 ہزار 500 روپے کے ساتھ گزشتہ 3 ماہ کے بقایا جات 6 ہزار روپے کی ادائیگی بھی کی جا رہی ہے جس کے باعث اس ماہ ادارے کے پنشن یافتگان فی کس کم از کم 14500 روپے بطور پنشن وصول کریں گے۔
ان پنشن یافتگان میں دو لاکھ 69 ہزار 941 ضعیف العمر، چھ ہزار 169 معذور، ایک لاکھ 77 ہزار 529 پسماندگان پنشن یافتہ اور 3 ہزار 522 یکمشت عطیہ ضعیف العمر ی حاصل کرنیوالے شامل ہیں۔