اسلام آباد: (دنیا نیوز) آن لائن گیم پب جی کھیلنے والوں کیلئے خوشخبری، اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی اے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے گیم بحال کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے پب جی پر پابندی کے خلاف محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے پی ٹی اے کا پب جی پر پابندی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا پی ٹی اے پب جی گیم کو فوری کھول دے۔
عدالت عالیہ نے آن لائن گیم سے متعلق پی ٹی اے کو 7 روز میں دوبارہ فیصلہ کرنے کا حکم دیا جب کہ پب جی کیخلاف شکایات کی تفصیلات اور اس پر پابندی کی وجوہات بھی طلب کر لیں۔ پاکستان میں پب جی کنٹرول کرنے والی کمپنی نے پی ٹی اے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔
خیال رہے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے آن لائن گیم پب جی پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پی ٹی اے نے یہ فیصلہ لاہور ہائیکورٹ کی ہدایت کی روشنی میں 9 جولائی کو کی گئی تفصیلی سماعت کے بعد کیا۔
پی ٹی اے نے پب جی کی انتظامیہ سے پب جی کے سیشنز، پاکستان میں استعمال کنندگان کی تعداد اور کمپنی کی طرف سے نافذ کردہ کنٹرولز کی تفصیلات طلب کی تھیں تاہم پب جی کی طرف سے جواب موصول نہیں ہوا۔